مودی کے مصنوعی طلسم کی قلعی بھی کھلتی جارہی ہے، ایک ایک کرکے ریاستیں حکمرانی کی قید سے آزاد ہونے لگیں
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) بی جے پی کے جو لوگ کل تک کانگریس مکت بھارت کا نعرہ چیخ چیخ کر لگارہے تھے اب خاموش ہیں۔ شاید اس لئے کہ اب بی جے پی کا ہی دائرہ سمیٹنے لگا ہے۔ ای ڈی اے بکھر رہا ہے‘ مودی کے مصنوعی طلسم کی قلعی بھی کھلتی جارہی ہے اور ایک ایک کرکے ریاستیں اس کی حکمرانی کی قیادت سے آزاد ہوتی جارہی ہیں۔ تازہ صورتحال یہ ہے کہ ملک کی29 ریاستوں میں سے دس میں ہی اسے مکمل اکثریت حاصل ہے جبکہ دیگر چھ ریاستوں میں اس نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ یا پھر کچھ دوسری پارٹیوں سے ساز باز کرکے سرکار بنارکھی ہے۔ یہ ریاستیں بہار‘ میگھالہ‘ ناگا لینڈ ‘ تامل ناڈو‘ گوا‘ سکم اور میزورم ہیں بہار میں وہ جنتا دل یو کی اتحادی بنی ہوئی ہے جبکہ وہ تامل ناڈو میں سرکار میں شامل ضرور ہے مگر قانون ساز اسمبلی میں اس کا ایک بھی ممبر نہیں ہے۔ اپنی حکمرانی کا دائرہ بڑھانے کے جنون میں بی جے پی نے یہ بھی کیا کہ جن ریاستوں میں اسے اکثریت حاصل نہیں تھی وہاں بھی اس نے مرکز میں اقتدار کا فائدہ اٹھا کر سرکار بنالی‘ لیکن مہاراشٹر میں ایک بڑا سیاسی جھٹکا تو اسے اس وقت لگا جب تمام تر نظریاتی اختلاف کے باوجود کانگریس اور این سی پی نے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے شیو سینا کو اپنی حمات دیدی۔

