پیپلزپارٹی کے رہنما کا انکشاف
مجھے تفتیش کرنے کیلئے چار گھنٹے کا وقت دیا جائے
پھانسی کا پھندا زرداری کے گلے میں ہوگا، صاحبزادہ عالمگیر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق عسکری و پولیس آفیسر اور پاکستان پیپلز پارٹی کلچرل ونگ کے صدر صاحبزادہ عالمگیرنے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو قتل کروانے کا پہلا مشورہ آصف علی زرداری نے ان سے کیا تھا۔ صاحبزادہ عالمگیر نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف علی زرداری نے ان سے کہا تھا کہ آپ مجھے اسٹیبلشمنٹ میں متعارف کروائیں، بینظیر بھٹو کو اب راستے سے ہٹا دینا چاہیے۔پیپلز پارٹی کلچرل ونگ کے صدر صاحبزادہ عالمگیر نے بتایا ہے کہ جب آصف زرداری نے ان سے یہ بات کی تو انہوں نے آصف زرداری سے پوچھا کہ اس بات کا کیا مطلب ہے تو آصف علی زرداری نے کہا کہ بینظیر کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے جس پر صاحبزادہ عالمگیر نے ان سے کہا کہ ریٹائر ہونے اور راستے سے ہٹائے جانے میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے۔صاحبزادہ عالمگیر نے نے بتایا ہے کہ میں نے آصف زرداری کو کہا کہ میں سمجھ رہا ہوں کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں اور پھر ایک سال بعد ایسا ہی ہوا لیاقت باغ میں مقتل سجایا گیا جہاں بی بی کو قتل کردیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے 4گھنٹے کا وقت دیا جائے تفتیش کرنے کیلئے تو 4گھنٹے میں آصف علی زرادری کے گلے میں پھانسی کا پھندا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر صاحب کو گاڑی سے سر باہر نکالنے کیلئے مجبور کیا گیا اور انہیں بھی ویسے ہی قتل کردیا گیا جیسے مرتضیٰ بھٹو کو قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ اس قتل کے بارے میں سب سے پہلا مشورہ مجھ سے کیا گیا اس لیے مجھے آرٹیکل 109 میں چالان کیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ آصف زرداری نے انہیں دبئی بھی بلایا تھا لیکن انہوں نے وہاں جانے سے انکار کر دیا اور بینظیر بھٹو جو اس وقت امریکہ میں تھیں انہیں ٹیلیفون کر کے آگاہ بھی کیا۔

