وکلاء نے اپنے وقار، اپنی عزت ، اپنی عدالت اور وردی کی عزت کو بہت نقصان پہنچایا ‘سینئر قانون دان
آنسوگیس کی شیلنگ کرکے بچ جانے والے مریضوں کو بھی مارنے کی کوشش کی گئی‘عظمیٰ بخاری کی تنقید
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اعتزاز احسن نے لاہور میں وکلا کی جانب سے ڈاکٹروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 55 سال وکالت کے شعبے سے منسلک رہاوں لیکن آج پہلی بار شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دوسری طرف مسلم لیگ نواز کی رہنما عظمیٰ بخاری نے اسپتال کے قریب شیلنگ پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار پر شدید تنقید کی۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پیش آنے والے واقعہ پر سنیئر قانون دان اعتزاز احسن نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ55 سال وکالت کے شعبے سے منسلک رہا۔ لیکن آج پہلی بار شرمندہ ہوا ہوں۔ وکلا نے آج اپنے وقار کو، اپنی عزت کو، اپنی عدالت اور وردی کی عزت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔مسلم لیگ نون کی عظمی بخاری نے وزیراعلی پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آنسو گیس پھینکی جارہی ہے۔ ان کو عقل نہیں ہے کہ یہ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ہے۔ مریضوں کا کیا ہوگا۔ بزدار صاحب پتا نہیں سو رہے ہیں۔ آخر انہیں ہر چیز تاخیر سے کیوں سمجھ میں آتی ہے جب تک حالات ہاتھ سے نکل چکے ہوتے ہیں۔نون لیگی رہنما نے کہا کہ آخر وکلا کو روکا کیوں نہ گیا۔ آنسوگیس کی شیلنگ کرکے بچ جانے والے مریضوں کو بھی مارنے کی کوشش کی گئی۔

