کراچی (سید وزیر علی قادری) آئی سی سی ورلڈ کپ انڈر 19کے لیے جس ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے وہ میگا ایونٹ کو جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، ایشیا کپ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شامل کرکے میرٹ کی بنیاد رکھ دی، یہ بات چیف سیلیکٹر سلیم جعفر نے اپنے بیان میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اچھی طرح ہر کھلاڑی کے کارکردگی کو جانچا ہے اور کوشش کی ہے کہ کسی بھی طرح کسی کی دل آزاری نہ ہو اور سب کو پورا پوقع ملے۔ دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقا میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روحیل نذیر نے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ 2019 کے فائنل میں بھی شاندار سنچری اسکور کی تھی۔ وہ 5فرسٹ کلاس میچز میں 170رنزبناچکے ہیں۔حیدر علی (نائب کپتان):جنوبی افریقاکے خلاف سیریز میں 317 اور دورہ سری لنکا پر 214 رنز بنانے والے حید ر علی نے گذشتہ ماہ اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ 2019 کے 5میچوں میں 218 رنزبنائے تھے۔ حیدر علی6فرسٹ کلاس میچز میں503 رنزبناچکے ہیں۔عامر خان:18 سالہ کرکٹر عامر خان قومی انڈر 19، 3 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں 18وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2 ایک روزہ میچوں میں بھی ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے 3میچوں میں 5وکٹیں حاصل کیں۔عباس آفریدی: نے جنوبی افریقا، سری لنکا اور ایشیا کپ کے کل 13 میچوں میں 17وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 129 رنز اسکور کیے۔گذشتہ 3 سال قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے عباس آفریدی نے ایونٹ میں شرکت نہیں کی۔ عبدالواحد بنگلزئی: 17سالہ کرکٹر کاقومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں 5واں نمبر ہے۔ ایونٹ میں 246 رنز بنانے والے عبدالواحد بنگلزئی قومی 3 روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 276 رنز بناکر چھٹے بہترین بیٹسمین قرار پائے تھے۔ وہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ بھی کھیل چکے ہیں۔عامر علی: بائیں ہاتھ کے اسپنر 18 سالہ عامر علی نے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں ایک وکٹ حاصل کی تھی۔اس سے قبل وہ دورہ جنوبی افریقا میں 13 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے بہترین بولر قرار پائے تھے۔ اے سی سی ایشیا کپ کے 3میچوں میں 4وکٹیں حاصل کرنے والے عامر علی قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 7 اور قومی انڈر 19،3 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 28 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔آر ش علی خان: آرش علی خان 15 وکٹیں حاصل کرکے قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار پائے ۔ وہ3 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں30 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے دوسرے بہترین بولر رہے۔آرش علی خان پہلی مرتبہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔فہد منیر: فہد منیر نے دورہ جنو بی افریقا میں 5وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 170 رنز بنائے تھے۔ وہ اس سال قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرسکے۔محمد حارث:دورہ جنوبی افریقا میں 275 جبکہ ایشیا کپ میں 96 رنز اسکور کرنے والے محمد حارث کا تعلق پشاور سے ہے۔ محمد حریرہ:قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 342 رنزبنانے والے محمد حریرہ 3 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 358 رنز اسکورکرکے تیسرے بہترین بلے باز قرار پائے تھے۔محمد عرفان خان: اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر رہنے والے محمد عرفان خان دورہ جنوبی افریقا پر 208 اور قائداعظم ٹرافی کے 10 نان فرسٹ کلاس میچز میں 475رنز بناچکے ہیں۔محمد شہزاد:16 سالہ محمد شہزاد نے بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے بنگلا دیش میں کھیلے جانے والے 3 میچوں میں 26 جبکہ پاکستان میں کھیلے جانے والے3 میچوں میں 72 رنزبنائے تھے۔نسیم شاہ:آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں 4 اور جنوبی افریقا کیخلاف سیریز میں 12 جبکہ قائداعظم ٹرافی کے4 میچز میں 18 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔طاہر حسین:طاہر حسین نے قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں 6وکٹیں حاصل کیں۔قاسم اکرم:قاسم اکرم قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں 296 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 3وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے قومی3 روزہ انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ میں 260 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 15وکٹیں حاصل کیں۔ایشیا کپ کے 4میچوں میں 30وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے جنوبی افریقا اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں بالترتیب 77 اور 124 رنزبنائیں۔ 15 رکنی قومی اسکواڈ کے مطابق روحیل نذیر ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے، حیدر علی کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں نسیم شاہ ، عبدالواحد بنگلزئی، محمد شہزاد، محمد حارث، محمد حریرہ، محمد عرفان خان، عباس آفریدی، فہد منیر، قاسم اکرم ، عامر علی، آرش علی خان، عامر خان اور طاہر حسین شامل ہیں۔ اعجاز احمد ہیڈ کوچ و منیجر جبکہ راؤ افتخار انجم بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
