چین کا دوسراور نائیجیریا کا تیسرا نمبر ہے، پاکستان کی پوزیشن پانچویں ہے
جنیوا (آن لائن) آلودگی کی وجہ سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات بھارت میں ہوتی ہیں چین کا دوسرا اور نائیجریا کا تیسرا نمبر ہے، پاکستان فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔ گلوبل الائنس آن ہیلتھ اینڈ پولیوشن کی رپورٹ کے مطابق 2017ء میں آلودگی کی وجہ سے دنیا بھر میں 83 لاکھ افراد ہلاک ہوئے، پوری دنیا میں ہونے والی مجموعی اموات میں سے 15 فیصد اموات آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ آلودگی قبل ازوقت اموات کا سب سے بڑا ماحولیاتی سبب ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2017ء میں آلودگی کی وجہ سے بھارت میں 23 لاکھ اور چین میں 18 لاکھ ہلاکتیں ہوئیں، تیسرے نمبر پر نائیجریا، چوتھے پر انڈونیشیا اور پانچویں نمبر پر پاکستان ہے۔ فہرست میں امریکا کا نمبر ساتواں ہے جہاں آلودگی سے دو لاکھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آف گلوبل الائنس کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کی یاد دلاتے ہیں کہ آلودگی ایک عالمی بحران ہے آپ چاہے امیر ملک میں رہتے ہوں یا غریب ملک میں آلودگی آپ کو تلاش کرلے گی۔

