اس فیصلے میں جو الفاظ استعمال کیے گئے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی،لیگل ٹیم کی عمران خان کو بریفنگ
ملک میں اداروں کا ٹکرائو پیدا نہیں ہونے دیں گے‘ میڈیا اسٹریٹیجی کمیٹی کا اجلاس‘ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے فیصلے کو غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر شرعی قرار دے دیا ہے۔ اسلام آباد کی خصوصی عدالت کی جانب سے سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت میڈیا اسٹریٹیجی کمیٹی کا اجلاس ہوا‘ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خصوصی عدالت کے تفصیلی فیصلے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو لیگل ٹیم کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔اس اجلاس کے دوران قانونی ٹیم نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خصوصی عدالت کا یہ فیصلہ انسانی حقوق کی پامالی ہے‘ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالت کا فیصلہ غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر شرعی ہے۔وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس فیصلے میں جو الفاظ استعمال کیے گئے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، ملک میں اداروں کا ٹکرائوپیدا نہیں ہونے دیں گے‘ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو جسٹس وقارسیٹھ کیخلاف ریفرنس تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے جب کہ وزیرقانون فروغ نسیم کو خصوصی عدالت کے فیصلے پر ردعمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

