English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، شہبازشریف

حکومت نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے احسن اقبال کوگرفتار کیا،یہ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے
ہمارا ہر سپاہی، اور ہر ٹیم ممبر نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا‘صدر (ن) لیگ
لندن(مانیٹرنگڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت ملک اور وعوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کی گرفتاری پر ردعمل کا کا اظہار اور مذمت کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر احسن اقبال کو شاباش ملنی چاہئے تھی اس میں ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ احسن اقبال عوامی مسائل اجاگر کرنے کے لیے سیاسی سرگرمیاں کر رہے تھے، چین پاکستان کی دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے، جن لوگوں نے عوام اور پاکستان کی ایمانداری، محنت اور قومی جذبے سے خدمت کی انہیں گرفتار کرکے اچھا پیغام نہیں دیا جارہا یہ اچھی روایت نہیں، حکومت سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنانے اور جیل بھجوانے کے بجائے اہم قومی اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔صدرمسلم لیگ (ن) نے کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، لیکن ہمارا ہر سپاہی، اور ہر ٹیم ممبر نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا، کوئی جیل، کوئی جھوٹامقدمہ اور کوئی نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیں عوام کے حقوق کادفاع کرنے سے نہیں روک سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے