٭ نواز شریف سے بڑا ڈاکو قرار ٭
لیگی رہنمائوں کی لوٹ مار نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا
گرفتاری دیر سے ہوئی ہے، ارسطو بننے والا لٹیرا ہے
ان کی فرنٹ کمپنی اور رشتے داروں کی فہرست جلد سامنے لائوں گا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے احسن اقبال کو نواز شریف سے بڑا ڈاکو قرار دے کر تین دن لٹکانے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ و رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ احسن اقبال عرف ارسطو نواز شریف سے بھی بڑا ڈاکو ہے، احسن اقبال کو پہلے پکڑنا چاہئے تھا مگر بہت بعد میں پکڑا گیا۔ اس کی فرنٹ کمپنی اور رشتہ داروں کی فہرست جلد سامنے لاونگا۔ ان کی لوٹ مار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ ایسے لوگوں کو کم از کم 3 دن لٹکانا چاہئے۔اپنی ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ احسن اقبال کی فرنٹ کمپنی اوررشتہ داروں کی فہرست جلدسامنے لاؤں گا، احسن اقبال کی لوٹ مار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ایسے لوگوں کو کم از کم 3 دن لٹکاناچاہئے۔واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں تحقیقات کے لیے گرفتار کیا ہے۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو گرفتار کر لیا گیا، ان کی گرفتاری نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تحقیقات کے لیے عمل میں لائی گئی۔اعلامیہ کے مطابق احسن اقبال کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔

