بلاول نے 15 جنوری کو پیش ہونے کی یقین دہانی کروائی ان کا بیان اس یقین دہانی کے برخلاف ہے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) نیب نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی پیشی کے حوالے سے وضاحت جاری کردی، کسی پارٹی چیئرمین کے نازیبا الفاظ اور دھمکی نیب کو قانونی عمل سے نہیں روک سکتی، بلاول نے وکیل کے ذریعے 15جنوری میں پیش ہونے کی یقین دہانی کروائی،جبکہ ان کا بیان اس یقین دہانی کے برخلاف ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی پیشی کے حوالے سے اپنی وضاحت میں کہا کہ بلاول بھٹو نے وکیل کے ذریعے نیب کو خط لکھا۔بلاول نے خط میں کہا کہ 15جنوری کے بعد پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ میڈیا بیانات میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو پیش نہیں ہوں گے ،جو کہ یقین دہانی کے برخلاف ہے۔ ترجمان نیب نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قانون کے مطابق کام کرنے والا ادارہ ہے۔کسی پارٹی کے چیئرمین کے نازیبا الفاظ اور دھمکی نیب کو قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔ واضح رہے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گزشتہ روز 24 دسمبر کو نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ تمام کیسز کو مسترد کرتا ہوں، مجھے گرفتارکیا گیا تو زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا، 27 دسمبر کو لیاقت آباد میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی ضرورمنائیں گے۔

