گھر کی چھت پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی تھی، اہل خانہ کا پولیس کو بیان
اسلحہ صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ طور پر گولی چلی ہے، پولیس نے اہل خانہ کا مؤقف رد کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مبینہ ٹائون میں گھر کے اندر فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں ماں اور بیٹی زخمی ہوگئی جنہیں فوری طبی امداد کے لیے نجی اور بعدازاں عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، ایس ایچ او محبوب الٰہی نے بتایا کہ قائداعظم کالونی کے گھر میں فائرنگ کے واقعہ میں خاتون اور کمسن لڑکی زخمی ہوگئی جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو اہل خانہ نے بیان دیا کہ واقعہ گھر کی چھت پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا تھا جس میں 32 سالہ سمعیہ اور اس کی 4 سالہ بیٹی خدیجہ زخمی ہوگئی تاہم پولیس نے چھت پر جاکر جائزہ لیا تو وہاں پر پولیس کو خون کا کوئی نشان نہیں ملا، تاہم جب پولیس نے گھر کا جائزہ لیا تو ایک کمرے میں بیڈ کی چادر اور فرش پر خون کے دھبے پائے گئے جس سے یہ بات تو ثابت ہوتی ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گھر کے اندر پیش آیا ہے تاہم اہل خانہ کی جانب سے جو بیان دیا گیا تھا وہ درست ثابت نہیں ہوا اور واقعہ پراسرار نظر آتا ہے، محبوب الٰہی نے مزید بتایا کہ اس بات کا شبہ ہے کہ مبینہ طور پر کمرے میں اسلحہ صاف کرتے ہوئے کسی سے اتفاقیہ طور پر گولی چلی ہے جو خاتون کے بازو کو زخمی کرتے ہوئے بچی کے پائوں پر جاکر لگی ہے، پولیس نے زخمی خاتون کا ابتدائی بیان قلمبند کر لیا ہے۔

