English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میلبورن ٹیسٹ آسٹریلیا کی 456 رنز کے ساتھ گرفت مضبوط

القمر

میلبورن(جسارت نیوز) آسٹریلیا کی میلبورن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، کینگروز نے ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لئے اور اسے 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہفتہ کو میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 44 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 9 اور روس ٹیلر 2 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، ٹیلر گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر جو برنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اگلی ہی گیند پر پیٹ کمنز نے ہینری نکولس کو ایل بی ڈبلیو کرکے نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، بی جے واٹلنگ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 رنز بناکر جیمز پیٹنسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، 97 کے مجموعی ا سکور پر نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب کولن ڈی گرائونڈ ہوم 11 رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 148 پر ڈھیر ہوگئی، ٹام لیتھم 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، جیمز پیٹنسن نے 3 اور مچل ا سٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لئے اور اسے 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی، ڈیوڈ وارنر 38 ، جو برنز 35 ، مارنس لابوشین 19اور اسٹیو اسمتھ 7 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، میتھیو ویڈ 15 اور تراوس ہیڈ 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیل ویگنر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے