صوبے میں گیس کے بحران کے باعث عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہیں، مل کر آواز بلند کرنا ہوگی، صوبائی وزیر امتیاز شیخ کی ایم کیو ایم کو پیشکش
وفاق کے ایسے فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں جس سے عوام پریشان ہوں، ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوام کیلئے آواز بلند کی ہے، خواجہ اظہار کی ٹیلی فونک بات چیت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں بھی گیس کا بحران شدید ہوتا جا رہا ہے،گیس بحران سے عوام تومشکلات کاشکارہیں ،سیاست دانوںاور مذہبی وسماجی رہنما ؤں میںبھی ہلچل سے مچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیرتوانائی امتیازشیخ نے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور صوبے میں گیس بحران سے پیدا ہونے والے خدشات سے آگاہ کیا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کراچی سمیت سندھ بھرمیں گیس بحران پر بات چیت ہوئی۔امتیازشیخ نے ایم کیو ایم کو پیش کش کی کہ آئیے ساتھ مل کرگیس بحران پر آواز بلند کرتے ہیں، عوام مشکل میں ہے ساتھ مل کراقدامات کرنے ہوں گے، وفاق کی جانب سے ایسے فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں۔جواب میں خواجہ اظہارنے کہاکہ سندھ حکومت گیس بحران کے خاتمے کا روڈ میپ بنائے، عوامی مسائل پر ایم کیوایم آواز بلند کررہی ہے اور کرتی رہے گی، ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوام کے لیے آواز اٹھائی۔واضح رہے کہ 28 دسمبر کو سندھ میں گیس بحران پر وفاقی وزیر عمرایوب نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے میں گیس بحران خود حکومت سندھ کا پیدا کردہ ہے، سندھ حکومت نے پائپ لائن کے لیے راستہ نہ دے کر عوام سے زیادتی کی۔

