آل پرائیویٹ اسکولز ایسو سی ایشن نے نجی اسکولو ں کو 6 جنوری تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا
سیکریٹری تعلیم چھٹیاں نہ بڑھانے کے اعلان پر قائم‘والدین نے فیصلے کو سمجھ سے بالا تر قرار دے دیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین آ ل پرائیویٹ اسکولز ایسو سی ایشن نے کراچی بھر میں نجی اسکول 6 جنوری تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ سیکریٹری تعلیم سندھ چھٹیاں نہ بڑھانے کے اعلان پر قائم ہیں۔کراچی میں خون جمادینے والی سردی میں سرکاری اور نجی اسکول چھٹیوں کے معاملے میں تقسیم ہوگئے، سیکریٹری تعلیم سندھ نے سخت سردی کے باوجود بچوں کی چھٹیاں نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے جبکہ شہر کے بیشتر نجی اسکولوں نے ازخود چھٹیوں میں اضافہ کردیا ہے۔کراچی میں سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوا تو 50 فیصد سے زائد نجی اسکول یکم جنوری کو بند رہے، آ ل پرائیویٹ اسکولز ایسو سی ایشن کے چیئرمین کے مطابق 6 جنوری تک اسکول بند رکھے جائیں گے، جبکہ کئی اسکولوں کی جانب سے پہلے سے والدین کو چھٹیوں سے متعلق آ گاہ کر دیا گیا تھا۔نجی اسکول بند رہے اور کھلنے والے سرکاری اسکولوں میں طلباء اور اساتذہ کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی، والدین نے شدید ٹھنڈ میں محکمہ تعلیم کے اسکول کھولنے کے فیصلے کو سمجھ سے بالا تر قرار دیا ہے۔دوسری جانب سیکریٹری تعلیم احسن منگی موسم سرما کی تعطیلات میں اضافے کو بے بنیاد قرار دیتے رہے، موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے بیشتر نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے 6 جنوری سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

