ملتان (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بی جے پی کے ہندو بالادستی کے نظریے نے بھارتی مسلمانوں کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق سے محروم کر دیا ہے۔ ملتان میں جمعے کے روز حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی مسلمانوں کو عرس میں شرکت کے لیے ویزا جاری نہ کرنے پر بھارت کی مذمت کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان سمیت پورا خطہ مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اپنی زندگی کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں کیونکہ وہ اپنے گھروں میں محفوظ نہیں ہیں۔ مشرق وسطی کی صورتحال کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں بہت سے مسائل ابھر رہے ہیں جن سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔
