شہر میں گیس بحران، بجلی نرخوں میں اضافہ اور پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل پر ازخود نوٹس لیں، حافظ نعیم
وفاقی و صوبائی حکومتوں اور بلدیاتی قیادت کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے کراچی کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا، مظاہرے سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ کراچی میں گیس کے بحران ، بجلی کے نرخوں میں اضافے اور شہر میں پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے از خود نوٹس لیں ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور بلدیاتی قیادت کی نا اہلی اور نا قص کارکردگی نے کراچی کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے اور شہریوں کا کوئی پُرسان ِ حال نہیں ۔ وفاقی حکومت کے گرین لائن منصوبے کی مسلسل تاخیر اور ضلع وسطی کی مرکزی شاہراہ K-4چورنگی سے بورڈ آفس تک شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث لاکھوں شہریوں کو روزانہ شدید اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی اور عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت حیدری مارکیٹ نارتھ ناظم آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرہ کراچی میں سی این جی اسٹیشن اور گھروں میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ ، کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافے اور حکومتوں کی نا اہلی اور نا قص کارکردگی کے خلاف منعقد کیا گیا تھا ۔ مظاہرے سے ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان ، سیکریٹری ضلع انجم رفعت اللہ ، نائب امیر وجیہ الحسن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مظاہرے میں شریک افراد نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہو ئے تھے جن پر کے الیکٹرک ، نیپرا ، وفاقی ، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔

