جائزمطالبات کی منظوری تک غیرمعینہ مدت کی پرامن ہڑتال کے فیصلے پر برقرار ہیں‘ترجمان گڈز ٹرانسپورٹ
وفاقی وزارت مواصلات خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، امداد حسین نقوی
مواصلات کی وزارت نالائق شخص کے سپرد کی گئی ہے‘ہڑتال سے کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، اویس شاہ قادر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات نا کام ہو گئے ہیں، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج تیسرا دن ہے، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے معاملے کو تنقید کا نشانہ بنا لیا۔تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے آج بھی ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور آل کراچی ٹائر ایسوسی ایشنز کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کر دی گئی ہے۔ٹرانسپورٹرز نے مال بردار گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کر دی ہیں۔ادھر سکھر میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ قادر نے کہا ہے کہ مواصلات کی وزارت نا اہل اور نالائق شخص کے سپرد کی گئی ہے، ٹرانسپورٹرز کی ایک دن کی ہڑتال سے کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، کوئی مسئلہ الجھ جائے تو سلجھانے کے طریقے ہوتے ہیں لیکن ٹرانسپورٹرز کے ساتھ معاملہ سلجھایا نہیں گیا۔انھوں نے مواصلات کے وزیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نالائق وزرا بیٹھے رہے تو خان صاحب کو جلد پارلیمنٹ سے نکلوا دیں گے، وفاقی حکومت کو کوئی بھی مدد درکار ہے تو ہم ساتھ دینے کو تیار ہیں۔گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث تیسرے دن مال بردار گاڑیوں کا پہیہ مکمل طورپرجام ہے اوراشیا خورد و نوش کی اندرون ملک ترسیل سمیت پورٹ تک رسائی بھی بند ہے جس سے بحران کا خدشہ ہے۔گڈزٹرانسپورٹرز کی پیر سے شروع ہونے والی ہڑتالتیسرے روز میں داخل ہوگئی ہے جس کے باعث کراچی پورٹ، پورٹ قاسم، ہاکس بے روڈ، کاٹھور جب کہ ہائی ویز کے مختلف مقامات پر ٹرک، ٹرالرز اور کار کیریئرز کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ترجمان گڈز ٹرانسپورٹ امداد حسین نقوی کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج ہیں مگر وفاقی وزارت مواصلات خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، وفاقی سطح پر کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پرامن ہے ایکسل لوڈ لمٹ قانون کا نفاذ اولین ترجیح ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز یکم جنوری 2020 کو نافذ ہونے والے بھاری جرمانوں کے نوٹی فکیشن کو لوٹ مار کا نوٹی فکیشن سمجھتے ہیں، کراچی میں دو بین الاقوامی پورٹس ہیں مگر ٹرانسپورٹرز کو اپنے ٹرک ٹرالرز اور کار کیریئرز پارک کرنے کے لئے پارکنگ یارڈ دستیاب نہیں ہے۔ترجمان گڈز ٹرانسپورٹ کا مزید کہنا ہے کہ جب تک مطالبات کے حوالے سے حکومتی سطح پر کوئی ٹھوس یقین دہانی نہیں کروائی جاتی غیرمعینہ مدت کی ہڑتال جاری رہے گی۔

