آئی جی سندھ کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے پی پی کے رکن اسمبلی کیخلاف کیس رجسٹرڈ کیا ہے
وفاقی کلیم امام کو تبدیل نہ کرے ٗ خواجہ اظہار الحسن ٗ محمد حسین اور حمید الظفر کا مشترکہ ردعمل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر و پارلیمانی لیڈر ایم کیو ایم پاکستان سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل اور رکن رابطہ کمیٹی و ممبر ان سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن ، محمد حسین اور حمید الظفر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آئی جی سندھ کو شاندار خدمات پر انکی کارکردگی سراہنے کے بجائے حکومت سندھ نے انکی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کا فیصلہ کرکے بدنیتی کا ثبوت دیا ہے۔ہم۔ حکومت سندھ کے اس قدام کی مذمت کرتے ہیں۔آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم انقلابی اقدامات کر رہے تھے اور انہوں نے جرائم کی بیخ کنی کے لئے خصوصی کام کئے جس سے جرائم کم ہوئے۔آئی جی سندھ کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے پی پی کے رکن اسمبلی کے خلاف کیس رجسٹر کیا جسکی پاداش میں ان کا تبادلہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلی سندھ کی ناراضگی اسی بنیاد پر ہے۔جبکہ آئی جی سندھ حکومت سندھ کے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کی راہ میں بھی رکاؤٹ تھے اور انہوں نے اندرون سندھ پیپلزپارٹی کے وڈیروں کے خلاف سخت اقدامات کئے۔ انکا مقصد لاقانونیت کا خاتمہ تھا۔ ایک ایسے افسر کے خلاف جانبدانہ فیصلہ سندھ کے عوام کو قبول نہیں۔ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ واپس کی گئی آئی جی سندھ کی خدمات کے فیصلے کو وفاق کی جانب سے قبول نہ کیا جائے۔

