لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ غریب اور مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ اٹھارہ ماہ میں مسلسل ٹیکس لگانے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے اور بڑی مقدار میں قرض لینے کے باوجودمعیشت کاپہیہ رواں دواں ہوسکاہے اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی تبدیلی نظر آرہی ہے۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ لاہور میں پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اٹھارہ ماہ میں قرض لینے کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اندرونی اور بیرونی قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اسی رفتار سے قرضے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو ملکی معیشت سنبھلنے کے بجائے دیوالیہ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا، عوامی مسائل کم ہونے کے بجائے الٹا ان میں اضافہ ہوا ہے۔ افسوس ناک امر تویہ ہے کہ حکومتی وزرا مسلسل غلط بیانیاں کرکے قوم کے جذبات کومجروح کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں مگر حکمرانوں کی جانب سے غیر ذمے دارانہ طرز عمل اختیار کرنے اور جھوٹ بولنے کا سلسلہ ختم نہیں ہورہا۔ حکمرانوں نے اگر اپنی بنیادی ذمے داریاں ادا نہیں کرنی اور عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل نہیں کرنا تو انہیں برسر اقتدار رہنے کا کوئی حق نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزیدکہاکہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو سنجیدگی کامظاہرہ کرنا ہوگا، محض بیان بازی کے ذریعے ملک وقوم کو درپیش مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
حکومت عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرے، جاوید قصوری
القمر
