پلاسٹک بیگز کی پابندی توڑنے والوں کیخلاف کارروائیاں،ڈیڑھ من ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط
ضلع وسطی اور شرقی کی ٹیم نے سچل ٹائون اور مبینہ ٹائون ‘واٹر پمپ،کریم آباد اور فیڈرل بی ایریا میں دکانوں کی چیکنگ کی گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے قانون،ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی خریدوفروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ای پی اے سندھ کی ضلع شرقی کی ٹیم نے منگل کوسچل ٹائون اور مبینہ ٹائون میں دکانوں کی چیکنگ کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر خان کی سربراہی میں سیپا ٹیم نے 38 کلو گرام ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کرلئے جبکہ ضلع وسطی کی ٹیم نے واٹر پمپ،کریم آباد اور فیڈرل بی ایریا میں دکانوں کی چیکنگ کی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالمالک کی سربراہی میں سیپا کی ٹیم نے 18 کلو ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کیے۔ منگل کوشہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر ڈیڑھ من ممنوعہ پلاسٹک بیگز قبضے میں لیے گئے۔اس حوالے سے مشیر ماحولیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام بھی ناقابل تلف پلاسٹک بیگز کی خرید و فروخت کی حوصلہ شکنی کریںواضح رہے کہ سندھ بھر میں ناقابل تلف (non biodegradable) پلاسٹک بیگز کے استعمال،خرید و فروخت اور تیاری پر پابندی ہے جبکہ قابل تلف (oxo biodegradable) پلاسٹک بیگز.بصورت مجبوری استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

