English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اگلے احساس پروگرام میں خواتین کوبھینسیں، گائے، مرغیاں دیں گے، وزیراعظم

پروگرام آئندہ 2 ہفتے میں شروع کیا جائیگا،70لاکھ خواتین کو کفالت کارڈ اور اسمارٹ فون بھی دیں گے،عمران خان
، حالات میں بہتری کے ثمرات بہت جلد عام عوام تک پہنچ سکیں گے ‘ احساس کفالت پروگرام اجراتقریب سے خطاب
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگلے پروگرام میں خواتین کوبھینسیں، گائے ، مرغیاں دیں گے، اگلا احساس پروگرام آئندہ 2 ہفتے میں شروع کیا جائے گا،70لاکھ خواتین کو کفالت کارڈ اور اسمارٹ فون بھی دیں گے، نئے پاکستان کا مطلب نچلے طبقے کو غربت سے نکالنا ہے۔ انہوں نے احساس کفالت پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے 200ارب روپیہ کمزور طبقے کیلئے رکھا ، میرا اور میری کابینہ کا آپ پر دباؤ تھا کہ اس پیسے کو جلدی کمزور طبقات پر خرچیں، لیکن آپ نے پوری دیانتداری سے سسٹم بنایا تاکہ کمزور طبقے کو ان کو حق ملے، اس سے پہلے سرکاری ملازمین یہ پیسا لے رہے تھے ، ہم اس سسٹم کو جلدی بھی بنا سکتے تھے۔میں پاکستان کا سب سے بڑا فنڈلینے والا ہوں، میرا خیرات لینے کا بڑا تجربہ ہے، جب خیرات کے پیسے میں دیانتداری نہیں ہوتی توپروگرام کامیاب نہیں ہوتا، غریب ایک ایسا طبقہ ہے، جوایک وقت کی روٹی نہیں کھا سکتا تھا۔سسٹم کو بنانے کے دوران 8لاکھ لوگوں کو باہر کیا ہے، جو کمزورلوگوں کا پیسا چوری کررہے تھے۔میں خوش ہوں کہ ثانیہ نشتر نے سسٹم کو بنا کر پروگرام کو شروع کیا ہے۔اس پروگرام کے تحت خواتین کے بینک اکاؤنٹس کھولنا اور کارڈ سسٹم جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹور پر اشیاء لے سکتی ہیں، ہم خواتین کو اسمارٹ فون بھی دے رہے ہیں،ان کے بچے بھی اسمارٹ فون استعمال کرنا شروع کریں ، ان کے بچوں کو بھی اسمارٹ فونز سے تعلیم ملے گی۔ حکومت کا اسمارٹ فون دینا ایک اچھا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 2ہفتے ہمارااحساس اگلا پروگرام آئے گا، غریب طبقات کی خواتین کو گائے، بھینسیں دیں گے، تاکہ وہ اپنے بچوں کو دودھ پلا سکیں۔کیونکہ پاکستان میں غذا کی کمی کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہیں، اس کے بعد ہمارا تیسرا پروگرام غریب گھرانوں کے بچوں کو اسکالرشپ دیں گے۔ اس سب کا مقصد یہ ہے کہ ہم پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پیچھے رہ گیا، جس کی وجہ کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، جہاں چند لوگ امیر ہوں اور غریبوں کا سمندر ہو۔چین نے ثابت کیا، 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ہمارے پیارے رسول ؐنے دنیا میں سب سے پہلے ثابت کرکے دکھایا، آپ ؐنے مدینہ کو فلاحی ریاست بنایا، اور لوگوں کو اوپر اٹھا دیا، لیکن ہم نے آج اپنے لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا، غریبوں کوصحت، تعلیم، کی سہولیات نہیں دیں۔ہم انشاء اللہ غریب امیر کا فرق ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 70 لاکھ خواتین کو کفالت کارڈ دیں گے، 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں، جس میں وہ 7 لاکھ 20 ہزار میں کسی بھی ہسپتال میں جاکر علاج کروا سکتے ہیں۔5لاکھ نوجوانوں کو ہنرسکھائیں گے، ہم کوشش کریں گے کہ وہ خود اپنا روزگار لے سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے