کراچی: اداکار عمران اشرف نے دلبرداشتہ ولاگر عرفان جونیجو کو یوٹیوب چھوڑنے کے بجائے مقابلہ کرنے کی نصیحت کی ہے۔
گزشتہ روز مقبول ترین ولاگر عرفان جونیجو نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے یوٹیوب سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اب کسی بھی ایونٹ یا ایوارڈ کی تقریب میں بھی نہیں جاتا۔ حتیٰ کہ میں نے ٹوئٹر کو بھی چھوڑ دیا ہے اور کیمرہ استعمال کرنا بھی بہت کم کر دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اب خود اعتمادی اور اضطراب کا شکار ہوں۔ ولاگنگ میری زندگی کی ترجیح نہیں رہی۔ اب میں ولاگ اپنی مرضی سے مخصوص وقت پر ہی بناؤں گا۔

عرفان جونیجو کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے افسوس کا اظہار سامنے آیا تاہم اس موقع پر معروف اداکار عمران اشرف اعوان بھی خاموش نہ رہے۔ انہوں نے بھی عرفان جونیجو کو یوٹیوب چھوڑنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ انزائیٹی ایک خطرناک بیماری ہے لیکن اس کے خلاف لڑنے کی کوشش کرو کیوں کہ اللہ بڑا مہربان ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: عرفان جونیجو نے یوٹیوب کو خیر باد کہہ دیا
عمران اشرف نے یہ بھی کہا کہ آپ اس مقام تک ایسے ہی نہیں پہنچے ہو، اس کامیابی کے پیچھے آپ کی محنت ہے، درحقیقت ہمارے پاس تو ٹیلی ویژن کی صورت میں پلیٹ فارم ہے لیکن آپ تو لوگوں کے لئے مشعل راہ ہو کیوں کہ آپ نے بغیر کسی ٹی وی چینل کے نام بنایا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: عمران اشرف کا کم عمر شادی شدہ جوڑے پر تنقید کرنے والوں کو جواب
عمران اشرف نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ میرے کہنے پر ایک بار اللہ پر یقین رکھتے ہوئے اس بیماری کے خلاف لڑکر دیکھو پھر دیکھنا کامیابی تمہاری ہوگی۔
