زیر حراست 37 سالہ یاسمین شیخ ڈانس بار میں ملازمت کرتی تھی، بیروزگاری کے باعث جرائم کی دنیا میں آگئی
برقع پہن کر ڈکیتیاں کرتی تھی، ممبئی پولیس نے خاتون ٹیچر کی شکایت پر کامیاب کارروائی کی
ممبئی (این این آئی) بھارتی ریاست مہاراسٹر کے دارالحکومت ممبئی کی پولیس نے ایک خاتون کی فریاد پر کارروائی کرتے ہوئے بار گرل سے ڈاکو رانی بننے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ایک خاتون ٹیچر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ماہ کے آخر میں درجنوں خواتین کو لوٹنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے گرفتار کی گئی خاتون 37 سالہ یاسمین شیخ ابتدائی طور پر ڈانس بار میں ملازمت کرتی تھی تاہم بعدازاں ڈانس بارز پر پابندی کی وجہ سے وہ بے روزگار ہو گئی۔ بے روزگاری کے بعد یاسمین شیخ نے ایک خاتون دوست کے مشورے پر جرائم کی دنیا میں قدم رکھا اور برقع پہن کر کافی عرصے سے ڈکیتیاں کرنے میں مصروف رہی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یاسمین شیخ نے ممبئی میں اپنا گھر لینے اور بڑی بیٹی کو تعلیم دلانے کے لیے ڈکیتیاں کرنے کا آغاز کیا اور وہ زیادہ تر خواتین کو لوٹتی تھی۔

