نیشنل ہائی وے ملیر کورٹ کے قریب تجاوزات کیخلاف کارروائی پر علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے، ٹریفک کی روانی روک دی
پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کئے مگر ناکامی کی صورت میں صورتحال کشیدہ ہوگئی تولاٹھی چارج کرنا پڑا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ہائی وے پر تجاوزات کے خلاف ہونے والی کارروائی کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود ملیر کورٹ کے قریب نیشنل ہائی وے پر تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے نیشنل ہائی وے پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی روانی روک دی جس کے باعث نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ احتجاج اور ٹریفک جام کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی کوشش کی تاہم مظاہرین نے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے کئی مظاہرین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

