اسلام آباد: پاکستانی سفارتخانے کی 2 رکنی اسپیشل ٹاسک فورس نے چین کے شہر ووہان میں پاکستانی طلبہ سے ملاقات کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی 2 رکنی اسپیشل ٹاسک فورس ووہان پہنچ گئی جہاں انہوں نے 4 یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ سے ملاقاتیں کیں۔ ٹاسک فورس کے ارکان کل مزید 3 یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ سے ملیں گے۔ 2 رکنی ٹاسک فورس میں سفارتخانے کے تھرڈ سیکرٹری جنید اور تعلیمی اتاشی سلیمان شامل ہیں۔
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چاروں یونیورسٹیوں میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ اور صحت مند ہیں۔ ٹاسک فورس مستقل طور پر ووہان میں تعینات کردی گئی ہے جو چینی حکام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
سفارتخانے کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ شہروں میں مقیم تمام پاکستانی خیریت سے ہیں اور انہیں چینی حکومت کی جانب سے ماسک، خوراک، پانی اور دوسری تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق گوانگ شہر میں 3 اور ووہان میں ایک پاکستانی متاثرہ طالب علم مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں جنہیں اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ سفارتخانے نے پاکستانی طلبہ کی سہولت کے لیے 2 ہاٹ لائن بھی قائم کی ہیں۔

