English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے والدین کا احتجاج، دھرنے کا اعلان

3 دن میں بچے واپس لائے جائیں:بریفنگ تقریب میں شدید احتجاج،مارگلہ روڈ پرمظاہرہ
پاکستانی محفوظ ہاتھوں میں ہیں‘زلفی بخاری، والدین کی پریشانی بجا لیکن حالات دیکھیں‘ظفر مرزا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) چین میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث پھنسے ہوئے پاکستانی طلباوطالبات کے حوالے سے بریفنگ دیئے جانے کی تقریب میں والدین نے احتجاج کرتے ہوئے بچوں کی وطن واپسی تک دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ والدین نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی سمندر پارپاکستانیز زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا کے سامنے شکایات کے انبار لگا دئیے ، حکومت کیخلاف نعرہ بازی کرنے سمیت مارگلہ روڈ پر مظاہرہ کیا اور اعلان کیا کہ اگر تین دنوں میں بچے واپس نہ آئے توپھروزارتوں کیسامنے دھرنا دیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر حکومت نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے والدین کو مطمئن کرنے کیلئے بریفنگ کا اہتمام کیا لیکن والدین نے حکومتی نمائندوں کی ایک نہ سنی اور بریفنگ کے آغاز سے ہی احتجاج شروع کر دیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے والدین سے کہا ہمیں معلوم ہے کہ آپ کے سامنے جتنی دلیلیں بھی رکھی جائیں ہم آپ کو مطمئن نہیں کر پائیں گے۔ طلباوطالبات کے والدین کا موقف تھا کہ ہمارا حکومت سے کوئی مطالبہ نہیں بس ہمارے بچوں کو واپس لایا جائے۔ والدین نے سٹیج پر پہنچ کراحتجاج شرو ع کردیا۔زلفی بخاری نے کہا کہ بہت سے ممالک اس مسئلہ کو حل کر رہے ،چین میں رہنے والے پاکستانی محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ سفارت خانہ سے دو لوگوں کو ووہان جانے کی اجازت ملی ہے وہ طلبا و طالبات کو سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہمیں والدین کی پریشانی کا احساس ہے ا ور یہ بجا ہے لیکن والدین کو حالات بھی دیکھنے چاہئیں۔ والدین نے مارگلہ روڈ پر مظاہرہ کیا اور بعد ازاں اندھیرا ہونے کے باعث فیصلہ کیا کہ آج پھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر اکٹھے ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے