ہر دکاندار اپنی دکان کے آگے ایک ایک سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرے، سجاد خان
پولیس سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں صدر موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن
کراچی (کامرس رپورٹر) پریڈی تھانے کے ایس ایچ او سجاد خان نے گزشتہ روز موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد احسان گجر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اکبر روڈ موٹر سائیکل مارکیٹ میں دکانوں کی سیکورٹی سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایس ایچ او پریڈی نے اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹ میں تمام دکاندار اپنی دکان کے آگے ایک سی سی ٹی وی کیمرا نصب کریں تاکہ وارداتوں کی روک تھام ہوسکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹ میں موٹر سائیکل سوار دو اہلکاروں کو پابند کروں گا کہ وہ صبح سے شام تک آپ کی مارکیٹ میں گشت کرتے رہیں۔ سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل کے حوالے سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لہٰذا سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل کا کاروبار کرنے والے ڈیلرز موٹر سائیکل خریدتے وقت تمام قانونی کارروائی مکمل کرکے موٹر سائیکل خریدیں اور فروخت کریں، محمد احسان گجر نے کہاکہ ہم علاقہ پولیس سے ہرممکن تعاون کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ بعدازاں سجاد خان کو سووینئر پیش کیا گیا۔

