تعمیراتی منصوبے کیلئے متعلقہ اداروں سے 18 این او سیز لینے کے باوجود غیر قانونی قرار دے کر شہر کی عمارتیں گرائی جارہی ہیں، چیئرمین آباد
بتایا جائے تعمیراتی منصوبے کیلئے این او سی ہائی کورٹ یا اقوام متحدہ سے حاصل کریں، مولانا بشیر احمد فاروقی کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا ہے کہ تعمیراتی منصوبے کیلئے متعلقہ اداروں سے 18 این او سیز لینے کے باوجود غیر قانونی قرار دے کر کراچی میں عمارتیں گرائی جارہی ہیں تو بتایا جائے کہ تعمیراتی منصوبے کیلئے این او سی ہائی کورٹ یا اقوام متحدہ سے حاصل کریں۔یہ بات انھوں نے آباد ہاؤس میں سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا بشیر احمد فاروقی کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند،وائس چیئرمین عبدالرحمٰن، چیئرمین سدرن ریجن محمد علی توفیق رتاڑیا،آباد کے سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر،انور گاگئی،عارف جیوا سمیت افضل چمادیا ودیگر بھی موجود تھے۔محسن شیخانی نے کہا کہ تعمیراتی منصوبے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورکرکے عمارتیں تعمیر کرتے ہیں اس کے باوجود غیر قانونی قرار دے کر عمارتیں گراکر کراچی کے شہریوں کو بلڈرز اور ڈیولپرز کا دشمن بنایا جارہا ہے۔چیئرمین آباد نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں سپریم کورٹ نے کراچی میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئیں عمارتوں کو گرانے کے احکام جاری کیے ہیں جن میں آباد کے 4 ممبران کے رائل آئیکون سمیت دیگر منصوبے بھی شامل ہیں،انھوں نے بتایا کہ رائل آئیکون سمیت دیگر منصوبے تعمیر کرنے سے قبل پلان کی منظوری سمیت تمام متعلقہ اداروں سے 18 این اوسیز حاصل کی گئی تھیں اس کے باوجود رائل آئیکون کو مسمار کیا گیا ہے۔اس موقع پر مولانا بشیر احمد فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تعمیراتی شعبے کو در پیش مسائل کے حل کیلئے آباد کے شانہ بشانہ ہیں۔کراچی میں قانونی طور پر تعمیر کی گئیں عمارتوں کی مسماری کے حوالے سے مولانا بشیر احمد فاروقی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ،چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کرکے اسلام آباد اور بنی گالا والوں کی طرح کراچی کے تعمیراتی شعبے کو ریلیف دینے کیلئے اپیل کریں گے۔آخر میں سلائڈ کے ذریے سیلانی انٹرنشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت پاکستان بھی میں رہائش،تعلیم سمیت دیگر فلاحی کاموں پر شرکا کو بریفنگ دی گئی۔
کراچی والوں کو بلڈرز اور ڈیولپرز کا دشمن بنایا جارہا ہے ،محسن شیخانی
القمر
