اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے مقامی طور پر بے گھر ہونے والے پاکستانیوں (آئی ڈی پیز) اور افغان مہاجرین کے لیے بھی ریلیف پیکیج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت شہریار آفریدی نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز نے امن کی خاطر اپنے گھروں کو چھوڑا، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعظم نے ایسے لوگوں کے لیے احساس پرگروام میں 200 ارب روپے کا ریلیف پیکیج مختص کیا ہے۔ خیبر ہاؤس میں ایک ہزار خاندانوں کے لیے اپنی مدد آپ تحت 5 سو بیگ راشن دیں گے، ہم ساؤتھ نارتھ وزیرستان سمیت ہر اس علاقہ میں جائیں گے جہاں آئی ڈی پیز موجود ہیں، بلوچستان میں موجود مہاجرین کے لیے بھی اقدامات کررہے ہیں، کراچی، حیدر آباد میں بھی مہاجرین کیمپس کا دورہ کروں گا۔
انہوں نے کہا پاکستان میں مقیم 28 لاکھ افغان مہاجرین کورونا وائرس اور اس کے اثرات سے شدید متاثر ہورہے ہیں، ان کی اکثریت دیہاڑی دار مزدور ہیں جو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی ذمے داری ہیں۔ یواین ایچ سی آر اس حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کرے۔ انہوں نے دیگر عالمی اداروں ، مقامی مخیر حضرات سے بھی افغان مہاجر بستیوں میں رہنے والوں کے لیے راشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے ۔
