English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تاریخی دورے پر انگلینڈ روانہ

القمر

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہو گئی ہے۔

کرونا وائرس کے باعث لگ بھگ تین ماہ بعد کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے جا رہی ہیں اس وجہ سے ویسٹ انڈیز کے دورۂ انگلینڈ کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔

کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ کوئی سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی۔ یعنی تمام میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے اور تمام کھلاڑی کرونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

انگلینڈ روانگی سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آنے پر اُنہیں انگلینڈ کے دورے پر جانے کی اجازت دی گئی۔

پندرہ کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام چارٹرڈ طیارے کے ذریعے انگلینڈ کے سفر پر روانہ ہوا۔

ویسٹ انڈین ٹیم منگل کی صبح مانچسٹر پہنچے گی جس کے بعد تمام کھلاڑی اورلڈ ٹریفورڈ میں تین ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رہیں گے۔ اس دوران کھلاڑی پریکٹس بھی کریں گے۔

قرنطینہ میں رہنے کے بعد تمام کھلاڑی تین جولائی کو ساؤتھ ایمپٹن روانہ ہوں گے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا آغاز آٹھ جولائی سے ہو گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے دورۂ انگلینڈ کے لیے 25 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں 11 ریزرو کھلاڑی بھی شامل تھے۔ تین سینئر کھلاڑیوں نے انگلینڈ جانے سے معذرت بھی کر لی تھی۔

تین میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 16 جولائی کو مانچسٹر اور تیسرا 24 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہو گا۔

کپتان جیسن ہولڈر کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں جرمین بلیک ووڈ، نکروما بونر، کریگ بریتھویٹ، شمار بروکس، جان کیمبل، روسٹن چیز، رکیم کارن وال، شین ڈورچ (وکٹ کیپر)، چیمار ہولڈر، شائی ہوپ، الزاری جوزف، ریمن رائفر اور کیمر روچ شامل ہیں۔

دورۂ انگلینڈ سے انکار کرنے والے کھلاڑی

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے حکام نے گزشتہ ہفتے دورۂ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین کھلاڑیوں نے انگلینڈ جانے سے معذرت کر لی ہے۔

ان کھلاڑیوں میں ​ڈیرن براوو، شمرون ہیٹمیر اور کیمول پال شامل ہیں۔ تینوں کھلاڑیوں کے انکار کے بعد کرکٹ بورڈ نے گیارہ ریزرو کھلاڑیوں میں سے تین کو گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ وہ کھلاڑیوں کی جانب سے انگلینڈ نہ جانے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے