English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دورۂ انگلینڈ سے قبل تین پاکستانی کرکٹرز کرونا کا شکار

القمر

دورۂ انگلینڈ سے چند روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ سابق کپتان شعیب ملک، کوچ وقار یونس اور دیگر کے ٹیسٹ کی رپورٹ منگل کو آنے کی توقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کی شب تصدیق کی ہے کہ آف اسپنر شاداب خان، فاسٹ بالر حارث رؤف اور نوجوان بلے باز حیدر علی کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد متاثرہ کھلاڑی آئسولیشن میں منتقل ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق کرونا کے شکار کھلاڑیوں کا اتوار کو راولپنڈی میں ٹیسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔ اس وقت تک کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی ایسی کوئی علامات موجود نہیں تھیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ ایسے موقع پر مثبت آیا ہے جب ٹیم دورۂ انگلینڈ کی تیاریوں میں مصروف ہے اور اسے 28 جون کو انگلینڈ روانہ ہونا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کا آغاز 30 جولائی کو ٹیسٹ میچ سے ہو گا۔



انگلینڈ پہنچنے کے بعد پاکستان ٹیم 14 روز قرنطینہ میں رہے گی۔ تاہم اس دورے سے قبل تین کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پی سی بی نے پیر کو جاری بیان میں کہا ہے کہ میڈیکل پینل کرونا سے متاثرہ کھلاڑیوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ چند روز کے لیے الگ تھلگ ہو جائیں۔

پی سی بی کے مطابق فاسٹ بالر عثمان شنواری اور آل راؤنڈر عماد وسیم کے بھی راولپنڈی میں کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جو منفی آئے ہیں اور اب وہ 24 جون کو لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیم آفیشل کلف ڈیکن، کوچ وقار یونس اور سابق کپتان شعیب ملک کے متعلقہ سینٹرز میں پیر کو ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے نتائج منگل کو آئیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی ٹیسٹ رپورٹ آنے سے قبل کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے