اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو تیسری قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکوتیسری قونصلررسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے سیکیورٹی اہلکار کے بغیر قونصلر رسائی دینے کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ نے کہا کہ تیسری قونصلررسائی کے لیے بھارت کو رسمی طور پرآگاہ بھی کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے زیرحراست راایجنٹ کل بھوشن یادیو سے جمعرات کو بھارتی سفارتکاروں کی ملاقات کرائی اور یہ دوسرا موقع ہے کہ بھارتی جاسوس کو قونصلر رسائی دی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھارتی جاسوس کل بھوشن باربار سفار تکاروں کو پکارتا رہا لیکن انہوں نے اس کی ایک نہ سنی۔ ان کا کہنا تھا کہ قونصلر رسائی کی ضرورت کے مطابق تمام اقدامات کیے گئے مگر بھارتی سفارتکاروں نے کل بھوشن تک رسائی کے بجائے راہ فراراختیار کی۔

