سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں انتہاپسند مودی کے لگائے ہوئے کرفیو اور پابندیوں کو 13ماہ مکمل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیری 5 اگست 2019 سے قابض بھارتی فورسز کی قید میں ہیں، اس سے متعلق کشمیر میڈیا سروس (کے ایم سی) نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی رپورٹ جاری کردی، 13 ماہ کے طویل عرصے میں بے حس بھارتی فوج نے 237 نہتے کشمیریوں کو پُرامن مظاہروں کے دوران اور محاصرے کی آڑ میں شہید کیا جبکہ شہدا میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔
بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والوں میں 9 کشمیری خواتین بیوہ ہوئیں، 22 معصوم بچے یتیم ہوئے،89 کشمیری لڑکیوں کی عصمت دری کی گئی، گھر گھر تلاشی اور نام نہاد آپریشن میں 14 سو کے قریب نوجوانوں، لڑکیوں اورخواتین کو گرفتارکیا گیا جبکہ مقبوضہ وادی میں موبائل، انٹرنیٹ سمیت دیگر مواصلاتی سسٹم تاحال منقطع ہے۔
دوسری جانب حریت رہنما سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور متعدد افراد کو سرینگر میں نظربند کیا ہوا ہے جبکہ 15 سو کشمیریوں پر قالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔



