فوجی قافلوں کی نقل و حرکت کے دوران عوامی مشکلات کم کی جائیں، سکیورٹی اور انسانی ہمدردی ساتھ ساتھ چلنی چاہیے: سکینہ ایتو

سری نگر/وزیر صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ مسعود ایتو نے سری نگر، اننت ناگ، کولگام اور قاضی گنڈ قومی شاہراہ پر فوجی قافلوں کی نقل و حرکت کے دوران عام لوگوں کو پیش آنے والی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے ان مشکلات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
سکینہ ایتو نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ اکثر سری نگر، اننت ناگ، کولگام اور قاضی گنڈ قومی شاہراہ پر سفر کرتی ہیں، جہاں ایمبولینسوں کو ٹریفک میں پھنسا ہوا دیکھنا، طلبہ کو کلاسوں سے محروم ہوتے دیکھنا اور عام شہریوں کو قافلوں کی نقل و حرکت کے باعث 15 سے 30 منٹ بلکہ بعض اوقات کئی گھنٹوں تک انتظار کرتے دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ہمارے لوگوں کا کیا قصور ہے کہ انہیں ایسی مشکلات برداشت کرنا پڑ رہی ہیں؟
وزیر موصوفہ نے لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے ایسے عملی اقدامات تلاش کریں جن سے ضروری حفاظتی ضوابط بھی برقرار رہیں اور ایمبولینسوں کی آمدورفت بلا رکاوٹ جاری رہنے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔
سکینہ ایتو نے مزید کہا کہ سکیورٹی انتہائی اہم ہے، لیکن عوام کی فلاح و بہبود بھی اتنی ہی اہمیت رکھتی ہے۔ سکیورٹی اور انسانی ہمدردی کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانی کا عکس صرف پالیسیوں میں نہیں بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی میں عزت، حساسیت اور عملی راحت فراہم کرنے کے ذریعے بھی نظر آنا چاہیے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں