سرینگر/جموں و کشمیر پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران مختلف جیلوں میں بند ملی ٹینٹوں سے مبینہ طور پر منسلک بین ضلعی ٹیرر فنڈنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایک بیان میں پولیس ترجمان نے بتایا کہ شوپیان پولیس نے ملی ٹینٹ سرگرمیوں سے جڑے مشتبہ مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف مرکوز تحقیقات کے بعد اس ماڈیول کا سراغ لگایا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران مختلف آن لائن ادائیگی پلیٹ فارمز کے ذریعے کی جانے والی مشتبہ مالیاتی لین دین کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں رقم کی منتقلی کے کئی مراحل اور راستوں کا پتہ چلا۔ تحقیقات سے ایک وسیع نیٹ ورک سامنے آیا، جس میں شامل افراد کے مبینہ طور پر مختلف جیلوں میں بند ملی ٹینٹوں اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ روابط تھے۔
ترجمان کے مطابق، اب تک اس معاملے میں 10 مبینہ ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شوپیان میں ایف آئی آر نمبر 231/2026 درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت اویس شفیع نائیکو ولد محمد شفیع نائیکو ساکن سیدپورہ بالا شوپیان، تجمل احمد شاہ ولد عبدالـرشید شاہ ساکن راولپورہ شوپیان، معیز اقبال ولد محمد اقبال حجام ساکن چتراگام کلاں، عماد یوسف گنائی ولد محمد یوسف گنائی ساکن چتراگام کلاں، ثاقب ظہور وانی ولد ظہور احمد وانی ساکن مرن پلوامہ، عامر احمد گنائی ولد غلام نبی گنائی ساکن ارمولہ پلوامہ، فردوس ٹھوکر ولد غلام قادر ٹھوکر ساکن ناڈی گنڈ ترنز، لیاقت نذیر لون ولد نذیر احمد لون ساکن مرن پلوامہ، محمد حنیف ولد کاجو شیرو ساکن چک ہریہ کٹھوعہ اور کاجو ولد حاجی شیرو ساکن چک ہریہ کٹھوعہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر عام لوگوں سے خفیہ طریقے سے رقوم جمع کر رہے تھے اور پھر ان رقوم کو منظم مالیاتی رابطوں کے ذریعے کالعدم تنظیم لشکر طیبہ اور دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان رقوم کا استعمال ملی ٹینٹ سرگرمیوں کے لیے لاجسٹک معاونت فراہم کرنے، بشمول اسمارٹ فونز کی فراہمی، کے لیے بھی مبینہ طور پر کیا جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق، اس نیٹ ورک کے مزید روابط کا پتہ لگانے، اضافی مالیاتی رابطوں کی نشاندہی کرنے اور اس میں ملوث دیگر افراد کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ملی ٹینٹوں کی معاونت کرنے والے نیٹ ورکس کو ختم کرنے، غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں پر روک لگانے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments