لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ اگر یورپی یونین کے ساتھ 15 اکتوبر تک کوئی معاہدہ نہیں ہوپایا تو برطانیہ تجارتی مذاکرات سے الگ ہوجائے گا۔ یوں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے 15 اکتوبر کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ اگر مقررہ تاریخ تک دونوں فریق کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے تو برطانیہ مابعد بریگزٹ مذاکرات سے الگ ہوجائے گا۔ بورس جانسن نے کہا کہ اگر بریگزٹ کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوتا تب بھی برطانیہ شاندار ترقی کرتا رہے گا۔ بورس جانسن کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر معاہدے کو اس سال کے اواخر تک نافذ کرنا ہے تو اس امر کی ضرورت ہے کہ ہمارے یورپی دوستوں کے ساتھ 15 اکتوبر تک معاہدہ ہو جائے۔ اس کے بعد اس معاملے پر غور کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ اگر ہم اس تاریخ تک متفق نہیں ہو پاتے ہیں، تو مجھے نہیں لگتا کہ ہمارے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ ہوسکے گا۔ برطانوی رہنما کی یہ دھمکی ایسے وقت آئی ہے جب آج منگل کے روز سے لندن میں فریقین کے درمیان دوبارہ مذاکرات شروع ہورہے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم کی یورپی یونین کو سنگین دھمکی
القمر
