


ڈرامہ و فلم انڈسٹری میں یکساں کامیاب اداکار و ہدایت کار جاوید شیخ 66 برس کے ہوگئے اور اس دن کو یادگار بنانے کے لیے اُن کے اہل خانہ نے مختصر و سادہ مگر خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا۔
جاوید شیخ شوبز دنیا کا وہ روشن ستارہ ہیں جنہوں نے پڑوسی ملک کی فلموں میں بھی اداکاری کا لوہا منوایا۔ وہ اداکاری کے میدان میں کامیابیاں سمٹنے کے بعد ہدایت کاری میں بھی طبع آزمائی کی اور اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کیا۔ جاوید شیخ نے اس وقت فلموں کی ہدایت کاری کا آغاز کیا جب پاکستانی فلم انڈسٹری زبوں حالی کا شکار تھی اور اسٹوڈیوز ویران تھے۔
جاوید شیخ نے پی ٹی وی ڈراموں سے شہرت حاصل کی اور فلم انڈسٹری میں کامیابی سمیٹی۔ وہ 100 سے زائد فلموں اور ڈراموں میں کام کیا جب کہ 1995 میں پہلی فلم کی ہدایتکاری کی اس کے بعد 2005 میں بالی ووڈ کی فلموں میں بھی اپنئ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ گزشتہ دنوں ان کی بیٹی مومل شیخ نے انسٹاگرام پر اپنے والد کی سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جاوید شیخ اپنی نواسی کے ہمراہ کیک کاٹ رہے ہیں اور مومل شیخ، شہزاد شیخ اور دیگر اہل خانہ تالیاں بجا رہے ہیں۔ مومل شیخ اور شہزاد شیخ نے اس سرپرائز تقریب کا انعقاد کیا تھا۔
