طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے لیبیا میں 24دسمبر 2021ء کو پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق لیبیا کے متحارب فریقین کے درمیان تنازع کے سیاسی حل کے لیے مذاکرات جاری رہیں۔ لیبیا میں اقوام متحدہ کی مندوب اسٹیفنی ولیمز نے کہا ہے کہ عالمی ادارے کی نگرانی میں دسمبر کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بدھ کے روز ایک ورچوئل اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی مندوب نے توقع ظاہر کی تھی کہ لیبیا میں تمام دھڑے جلد ایک عبوری حکومت کی تشکیل، متحدہ انتظامیہ اور انتخابات کے لیے دستوری اصولوں پر متفق ہو جائیں گے۔ ادھر لیبیا کی سیاسی مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن کاکہنا تھا کہ اجلاس کا ایجنڈا انتظامی اتھارٹی کے قیام اور سیاسی بات چیت کے حل میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے پر غور کرنا تھا۔ یاد رہے کہ لیبیا میں متحارب فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات شمالی تیونس کے علاقے قمرت میں نومبر کے وسط میں ہوئے تھے۔ دوسری جانب ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی لیبی حکومت کی درخواست کا مثبت جواب نہ دیتا تو لیبیا بدنظمی اور افراتفری کا شکار ہو جاتا۔انہوں نے کہا کہ انقرہ نے نومبر 2019 ء میں طے پانے والے سمجھوتے کے دائرہ کارہ میں لیبیا کے فوجیوں کو تربیت دی۔ ہم نے ایک منظم فوج کے قیام میں لیبیا کی مدد کی ہے۔ ترکی نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ لیبیا کے مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے اور اقوام متحدہ نے بھی اس مسئلے کے حل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اولو نے کہا کہ ہم 24 دسمبر 2021 ء میں لیبیا میں انتخابات کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
