واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ نے یمن کے جنوبی شہر عدن کے ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کے روز جاری بیان میں وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ یمن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں میں مصروف عناصر کے شرپسند ارادوں کو ظاہر کرتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ حملے یمنی بحران کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو ہر گز نہیں روک سکیں گے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عدن ہوائی اڈے پر یمنی حکومت کے وفد کی آمد کے موقع پر حملہ کھلم کھلا دہشت گردی ہے اور یہ حملہ صرف یمنی حکومتی عہدیداروں پر نہیں بلکہ پوری یمنی قوم پرحملہ ہے۔ واضح رہے کہ عدن ائرپورٹ پر گزشتہ روز ہونے والے حملوں میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
