کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے میچ کے بعد ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی، کین ولیمسن نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ۔کیوی بیٹسمین 2015کے بعد پہلی مرتبہ سرفہرست آئے ہیں، ان کے لیے جگہ خالی کرنے والے ا سٹیون ا سمتھ تیسرے نمبر پر آ گئے، ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں، مارنس لبوشین اور بابراعظم بدستور چوتھی اور5ویں پوزیشن پر ہیں۔دوسری جانب پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر کی درجہ بندی میں لمبی چھلانگیں لگائی ہیں ۔ فواد عالم کی دوسری اننگز کی عمدہ سنچری نے انہیں 80درجے ترقی کے ساتھ 102ویں پوزیشن پر پہنچا دیا جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کے 71اور 60رنز کے اسکورز نے انہیں 27درجے اوپر کیریئر کی بہترین 47ویں پوزیشن پر پہنچایا، آئی سی سی کی جانب سے بولرز کی رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بولرز ٹاپ10 میں شامل نہیں ۔
