

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی نے اپنا جدید ترین سیٹلائٹ ساتواں ’’5 اے‘‘ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا 5 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اڈے سے کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کردیا۔ ترک خبر رساں اداروں کے مطابق ’’ففتھ جنریشن سیٹلائٹ کو اسپیس ایکس کمپنی کے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے چھوڑا گیا۔ا س سلسلے میں وزیر مواصلات و انفرا اسٹرکچر عادل قارا اسماعیل اولو نے انقرہ میں منعقدہ اجلاس میں بتایا کہ جدید ترین سیٹلائٹ اپنے مدار کی جانب کامیابی سے بڑھ رہا ہے۔ پرواز کے 35 منٹ بعد ہی مواصلاتی سیارے سے پہلا سگنل موصول ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ساتواں ’’5 اے‘‘ کا سفر 4 ماہ تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد تجربات کیے جائیں گے اور سیٹلائٹ فعال بن جائے گا۔ وزیر مواصلات کے مطابق ’’5 اے‘‘ کے بعد ’’5 بی‘‘ اور’’6 اے‘‘ کو بھی روانہ کیا جائے گا، تاہم اس وقت آزمایشی مرحلے میں ساتویں ’’5 بی‘‘ کو جون میں خلا کی جانب روانہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جب کہ ’’6 اے‘‘ پر کام جاری ہے۔ عادل قارا اسماعیل اولو کا کہنا تھا کہ ساتویں ’’6 اے‘‘ کو 2022ء کے اوائل میں خلا میں بھیجا جائے گا اور اس پیش رفت کے بعد خلا میں ترک خلانوردوں کو روانہ کرنے پر کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترک نئی نسل اس شعبے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور آیندہ برسوں میں ہم اس جدت کا مشاہدہ کریں گے۔
