English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈاکٹرعافیہ کیس: وزارت خارجہ کی رپورٹ غیرتسلی بخش قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کیلیے درخواست پر وزارت خارجہ کی رپورٹ کو غیرتسلی بخش قرار دے دیا اور وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری کو 10 فروری کو طلب کرلیا گیا.

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر سماعت ہوئی.

عدالتی کارروائی کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقہ کے وکیل نے کہا کہ کوئی پتہ نہیں عافیہ زندہ ہے یا مردہ انہیں ٹارچر بھی کیا جا رہا ہے جبکہ ریاست کی ذمہ داری ہے وہ اپنے شہریوں کا تحفظ کرے جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ہمارا قونصلر ماہانہ بنیاد پرعافیہ صدیقی کو دیکھنے جاتا ہے.

عدالت نے کہا کہ وزارت خارجہ میں اس معاملے کو کون ڈیل کر رہا ہے؟ 4 سال بعد کیس مقرر ہوا اور آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں 4 سال پہلے تھے، رپورٹ میں بہت کچھ لکھ دیتے لیکن اصل میں کچھ نہیں ہوتا.

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے آج رپورٹ جمع کرا رہے ہیں.

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جتنی بھی کوششیں کیں اس سے متعلق دستاویزات سامنے رکھ کر آگاہ کریں، سری لنکا، ملائیشیا، بھارت سے قیدیوں کو واپس لایا گیا لیکن یہ نہیں لا رہے، موجودہ حکومت امریکی حکومت کیساتھ معاملہ اٹھا رہی ہے؟ ریاست اپنی ذمہ داری سے بری الزمہ نہیں ہوسکتی.

بعدازاں عدالت نے وفاقی حکومت کو 2 ہفتے میں پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ سیکرٹری یا سیکرٹری خارجہ لیول کا افسر پیش ہو کر آگاہ کرے، عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے