

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ٹی وی چینل این بی سی نے اعداد و شمار کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ایوان نمایندگان اور سینیٹ کے 200 سے زیادہ ارکان ایسے ہیں جو کیپٹل ہل کی عمارت پر دھاوے کے تناظر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معزولی کے حامی ہیں۔ اس سلسلے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ یہ تمام ارکان ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں یا پھر آزاد ارکان ہیں۔ دوسری جانب امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی صدر ٹرمپ کے مؤاخذے کی کارروائی شروع کرنے کے لیے تیار ہے اور اگرنائب صدر مائیک پنس نے ٹرمپ کو صدر کے منصب کے لیے غیر موزوں قرار نہ دیا تو انہیں مؤاخذے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی 4 سالہ مدت صدارت کے دوران دوسری بار ہوگا کہ انہیں مؤاخذے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سینئر ڈیموکریٹک ارکان نے اشارہ دیا ہے کہ ایوان نمایندگان میں مؤاخذے کی کارروائی پر منگل یا بدھ کو رائے شماری کرائی جا سکتی ہے۔
