اسلام آباد(نمائندہ جسارت +صباح نیوز) وفاقی کابینہ نے جبری گمشدگی کے معاملے پر قانون سازی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزارت قانون و انصاف کو بل کو بغیر کسی تاخیر کے حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔ کابینہ نے اسامہ ستی قتل کیس کی جامع تحقیقات میں پیشرفت کی رپورٹ بھی طلب کرلی اور اعلان کیا ہے کہ مقتول نوجوان کے والدین کے اظہار اطمینان کے مطابق تحقیقات ہوں گی، ذمے داران کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہواجس میں 15 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔کابینہ نے سندھ میں ضمنی الیکشن کے لیے رینجرز کی تعیناتی ،آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے اختیارات سے متعلق بل اورہائی سپیڈ ڈیزل کو عام ٹینڈرنگ کے ذریعے ٹیکس اور ڈیوٹیز سے استثنا دینے کی منظوری بھی دے دی۔اجلاس میںایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو پولیس اسٹیشن قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی جب کہ نوشہرہ میں کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر سے متعلق چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور اقتصادی رابطہ کمیٹی و کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔اجلاس میں کہا گیا کہ 18ویں ترمیم میں نقائص ہیں جنہیں ٹھیک کرنا ضروری ہے۔اجلاس میں ہفتے کی رات کو ملک گیر بجلی بریک ڈاؤن سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب نے کابینہ کو بتایاکہ بجلی بریک ڈاؤن ایک انسانی غلطی سے ہوا، غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔اس موقع پر شرکاء نے عمرایوب سے تابڑتوڑ سوالات کیے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزرا کی کارکردگی پر ایک بارپھر عدم اطمینان کا اظہار کرتے کیا۔عمران خان وزیر توانائی عمر ایوب کی کارکردگی سے بھی ناخوش نظرآئے۔ عمران خان نے کہا کہ شہریوں کے مسائل سے جڑی وزارتوں کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ بجلی بریک ڈاؤن کے بارے میں مختلف باتیں زیر گردش ہیں حقائق قوم کو بتائیں،ڈھائی سال گزرچکے وزیروں کوعوامی مسائل حل کرنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے، اپنے کام پر توجہ اور اسے میڈیا پر درست انداز میں پیش کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مچھ واقعے پر سیاست کی جو افسوسناک ہے۔ وفاق نے 3 وزرا کوئٹہ بھیجے تھے۔ عمران خان نے براڈشیٹ معاملے پر حقائق سے قوم کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی اور حقائق بتانے کا ٹاسک وزیراطلاعات شبلی فراز کوسونپ دیا۔انہوں نے کہا کہ قوم کو بتائیں کہ براڈ شیٹ کو ان لوگوں نے کیسے خریدنے کی کوشش کی۔ وزیر اعظم نے اسامہ ستی کے واقعے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کیس میں انصاف ہوگا، اسامہ ستی واقعے کو مثالی بنائیں گے، وزیر داخلہ معاملے کو دیکھیں کہ کوئی گڑبڑ نہ ہو۔
