English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روس ترکی ریلوے لائن منصوبے میں اہم پیشرفت

ماسکو: روس، آذربائیجان اور آرمینیا کے سربراہ اقتصادی راہداری پر مذاکرات کررہے ہیں

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس سے ترکی کے درمیان ریلوے لائن کے مجوزہ منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق روس، آذربائیجان اور آرمینیا نے نگورنوکاراباخ میں اقتصادی راہداری قائم کرنے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو فروغ دینے سے متعلق ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اس ضمن میں روسی صدر ولا دیمیر پیوٹن نے آذری صدر الہام علییف اور آرمینی وزیر اعظم نیکول پاشنیان کے ساتھ کریملن میں 4 گھنٹے طویل مذاکرات کیے۔ اس کے بعد ایک بیان میں روس کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی راہداری اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ اس مقصد کے تحت روس، آرمینیا اور آذربائیجان کے نائب وزرائے اعظم کی قیادت میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ آذری صدر الہام علییف نے مشترکہ اعلامیے کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان 30 برسوں کے بعد براستہ آرمینیا مواصلاتی طریقے سے ناہچوان خود مختار جمہوریہ سے رابطہ استوار کرے گا۔ آرمینیا کو بھی آذری سرزمین سے روس اور ایران تک ریلوے لائن کے ذریعے رسائی ملے گی۔ علییف کا کہنا تھا کہ آذربائیجان براستہ ناہچیوان ترکی کی منڈی تک بھی رسائی حاصل کر سکے گا، اور ترکی اور روس کے درمیان ریلوے لائن رابطہ بھی قائم ہو جائے گا۔ دوسری جانب پیوٹن نے مذاکرات کے بعد کہا کہ امن معاہدے نے تنازع کے طویل مدتی اور مکمل حل کے لیے ایک ضروری بنیاد فراہم کردی ہے۔ انہوں نے روس کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کے دوران تعاون کے لیے پاشینیان اور علییف دونوں کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ اس کوشش کا مقصد خونریزی کو روکنا، صورت حال کو مستحکم کرنا اور پائیدار جنگ بندی کا حصول تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے