کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کثیرالملکی بحری مشق امن2021ء کی پرچم کشائی کی باوقار اور رنگارنگ تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی جس کے بعد مشق امن کا باقاعدہ آغازہوگیا۔ پرچم کشائی کی تقریب میں شرکا کی کثیر تعداد بشمول مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے اعلیٰ عسکری نمائندگان، مندوبین، سفرا اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ مشق کی افتتاحی تقریب کے دوران شریک ممالک کے پرچم بیک وقت لہرائے گئے۔ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں امیر البحر نے امن مشقوں کے سلسلے کی ساتویں مشق امن21 کے شرکا کا پُرجوش خیر مقدم کیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مشق نہ صرف میری ٹائم سیکورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری نظریاتی ہم آہنگی کا وسیلہ ہے بلکہ مشق میں شریک مختلف ٹیکنالوجیز کی حامل بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں اضافے کا باعث بھی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلیٹ، رئر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں کے ممالک کے پرچموں کا ایک ساتھ لہرانا مشق کے نصب العین ’’امن کے لیے متحد ہونے‘‘ کی عملی عکاسی کرتا ہے۔ یہ مشق امن مشقوں کے سلسلے کی ساتویں مشق ہے جو 11 فروری سے شروع ہوئی اور 16فروری تک جاری رہے گی‘ یہ مشق پاک بحریہ کی بڑی سرگرمیوں میں سے ایک ہے جو ہر 2 سال بعد منعقد کی جاتی ہے‘ اس مشق کا مقصد علاقائی اور غیر علاقائی بحری افواج کے ساتھ مل کر سمندروں کو مثبت انسانی سرگرمیوں کے لیے محفوظ بنانا ہے۔ رواں برس امن مشق میں لگ بھگ 45 ممالک اپنے بحری جہازوں، ائر کرافٹس، اسپیشل آپریشن فورسز اور کثیر تعداد میں مندوبین کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز پاک بحریہ کے زیر انتظام 13 تا 15فروری عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد ہو رہی ہے۔

