دفعہ 370 کی منسوخی سے جموں و کشمیر بھارت کے ساتھ ضم ہوا: امیت شاہ

سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے کشمیر ملک کے باقی حصوں کے ساتھ ضم ہوا، جسے انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی اہم کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا۔
نئی دہلی میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقع پر قومی یومِ اتحاد (راشٹریہ ایکتا دیوس) کے سلسلے میں ’رن فار یونٹی‘ کو روانہ کرنے سے قبل ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نےکہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورِ حکومت میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں دفعہ 370 کی منسوخی، نکسل ازم کا خاتمہ اور ’ایک ملک، ایک ٹیکس‘ نظام کا نفاذ شامل ہیں۔انہوں نے کہا، ’’جب ہم بھارت کو منشیات سے پاک بنانے میں کامیاب ہوں گے تو یہ ملک کے نوجوانوں اور مستقبل کے لیے ان تمام اقدامات میں سب سے اہم کامیابی ہوگی۔‘‘
امیت شاہ نے 31 دسمبر 2029 تک بھارت کو مکمل طور پر منشیات سے پاک بنانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا کہ ’وکست بھارت‘ کا تصور ایک ’نشہ مکت بھارت‘ کی تعمیر سے شروع ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی لسانی، ثقافتی، روایتی اور مذہبی گوناگونی ملک کی طاقت ہے اور یہ سردار ولبھ بھائی پٹیل سے وابستہ قومی اتحاد کے پیغام کی عکاسی کرتی ہے۔
نکسل ازم کے خلاف حکومت کی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ بھارت رواں سال 31 مارچ کو نکسل ازم کے سائے سے باہر نکل چکا ہے اور اب ملک کو منشیات سے پاک بنانے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے اور ایک مضبوط و خوشحال بھارت کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔— (کے این او)

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں