ملک کے پہلے وزیر داخلہ اور آئرن مین کے طور پر مقبول سردار ولبھ بھائی پٹیل کا آج 151 واں یوم ولادت ہے۔ جس کی مناسبت سے 31 اکتوبر ’قومی یوم اتحاد‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک کی اہم شخصیات آنجہانی سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہیں۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 151 ویں یوم پیدائش کے موقع پر نئی دہلی کے سردار پٹیل چوک پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے راشٹرپتی بھون کے گن تنتر منڈپ میں سردار پٹیل کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ متحدہ ہندوستان کے معمار ملک کے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ انہوں نے ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم ہندوستان کی تعمیر کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ مادر وطن کی خدمت میں ان کی قربانی اور لگن ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے لیے بہت بڑی سرچشمۂ تحریک ہے۔
کانگریس کے قومی صدر ملکاجن کھڑگے نے سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں سردار پٹیل کا ایک اقتباس نقل کیا، انہوں نے لکھا کہ ’’جب عوام متحد ہو جاتے ہیں تو ان کے سامنے ظالم سے ظالم حکومت بھی نہیں ٹھہر سکتی‘‘ ملکاجن کھڑگے نے کہا کہ ’’جدید ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت کے معمار، مرد آہن، ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم اور سابق کانگریس صدر سردار ولبھ بھائی پٹیل جی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘ کھڑگے نے مزید کہا کہ ہندوستان کو ایک لڑی میں پرو کر مضبوط اور متحد ہندوستان کی بنیاد رکھنے والے سردار پٹیل جی کی بے مثال جرأت، دور اندیش قیادت اور ملک کے تئیں غیر متزلزل لگن ہمارا بیش قیمت ورثہ ہے۔ ان کے اصول ہمیشہ ملک کو اتحاد، جمہوریت اور قومی خدمت کے راستے پر گامزن رہنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ، مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل جی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ راہل گاندھی نے مزید لکھا کہ اتحاد کے علم بردار اور جدید ہندوستان کے معمار کی حیثیت سے انہوں نے ملک کی یکجہتی، سالمیت اور بھائی چارے کی مضبوط بنیاد رکھی۔ ان کے اصول ہمیشہ ہمارے لیے مشعل راہ رہیں گے۔