ملازمت دلانے کے نام پر 15 لاکھ روپے سے زائد کی دھوکہ دہی، دو افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل

سرینگر/کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفنسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے بیرونِ ملک ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر ملازمت کے متلاشی افراد سے 15 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مبینہ طور پر ہڑپ کرنے کے معاملے میں دو افراد کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ای او ڈبلیو کشمیر نے اس معاملے میں ایف آئی آر نمبر 32/2026 کے تحت تعزیراتِ ہند کی دفعات 420 اور 120-B اور امیگریشن ایکٹ کی دفعات 10/24 کے تحت سرینگر کی عدالتِ پی ٹی اینڈ ای میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔ملزمان کی شناخت سجاد عبداللہ ولد محمد عبداللہ شیخ، ساکن ہمدانیہ کالونی بمنہ، سرینگر، اور جہانگیر احمد ٹنکی ولد حافظ اللہ ٹنکی، ساکن شیش گاری محلہ خانیار، سرینگر کے طور پر کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، معاملہ شکایات موصول ہونے کے بعد درج کیا گیا، جن میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزمان، جو مومن آباد، لین نمبر 4، بتہ مالو، سرینگر میں واقع ایم/ایس الاقصیٰ گلوبل سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالکان ہیں، نے معروف غیر ملکی کمپنیوں میں پرکشش ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کرکے لوگوں کو اپنی جانب راغب کیا اور پیشگی رقم کے طور پر 15 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے۔
بیان میں کہا گیا کہ وعدے کے مطابق ملازمتیں فراہم نہیں کی گئیں، جبکہ رقم واپس کرنے کے لیے جاری کیے گئے چیک ناکافی رقم ہونے کے باعث باؤنس ہوگئے۔ترجمان کے مطابق، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ متعلقہ کنسلٹنسی ٹور اینڈ ٹریول خدمات کے لیے بطور ایکسکرژن ایجنٹ رجسٹرڈ تھی، نہ کہ بھرتی کرنے والے ایجنٹ کے طور پر۔ اس کے باوجود ادارہ بیرونِ ملک ملازمتوں کے لیے بھرتی سے متعلق مطلوبہ رجسٹریشن کے بغیر کام کر رہا تھا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ دونوں ملزمان نے بیرونِ ملک ملازمت فراہم کرنے کے نام پر شکایت کنندگان سے لاکھوں روپے اپنے ذاتی بینک کھاتوں میں وصول کیے، تاہم اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔ترجمان نے بتایا کہ مسلسل کوششوں کے باوجود ملزم جہانگیر احمد ٹنکی کا سراغ نہیں لگایا جا سکا اور وہ 2025 سے مفرور ہے۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے کے بعد چارج شیٹ متعلقہ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے تاکہ عدالتی کارروائی کے ذریعے معاملے کا فیصلہ کیا جا سکے۔
ای او ڈبلیو کشمیر کے ایس ایس پی نے ملازمت کے متلاشی افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھرتی کرنے والی ایجنسیوں کی اسناد اور رجسٹریشن کی تصدیق کریں اور غیر مجاز ایجنسیوں کو پیشگی رقم ادا کرنے سے گریز کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں