بدین:عدالت نے جعلی ڈگری جمع کرانے کے کیس میں سابق خاتون سینیٹر کو سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق بدین کی سیشن عدالت کے جج جاوید عباسی نے جعلی ڈگری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق سینیٹر یاسمین شاہ کو 2سال قید اور 5ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ عدالت کی جانب سے کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سابق سینیٹر یاسمین شاہ کوگرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا،یاسمین شاہ نے 2003 کے سینیٹ الیکشن میں بی اےکی جعلی ڈگری جمع کرائی تھی۔
الیکشن کمیشن نے جعلی ڈگری جمع کرانے پر یاسمین شاہ کے خلاف سیشن جج کی عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا ان کی تنخواہ سمیت الانسز بھی واپس لینے کا حکم دیا تھا۔
سابق سینیٹر یاسمین شاہ اور ان کے شوہر علی بخش شاہ نے 2008 اور 2013 کے عام انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 2015 میں دونوں نے مسلم لیگ فنکشنل کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

