لاہور(جسارت نیوز) انٹیگرل مارشل آرٹس ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے صدر اور دی لاہور لائسیم اسکول کے ڈائریکٹر اسپوٹس خاور محمودنے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب ملک کے دیگر شعبوں سے کہیں زیادہ نجی تعلیمی اداروںکو معاشی مسائل سے گزرنا پڑا ہے لہٰذا وفاقی و صوبائی حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر لاگو ٹیکسز کو معاف کرے۔گزشتہ روز پنجاب اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون نے طلبہ کے تعلیمی اور اسپورٹس کیریئر کو بری طرح متاثر کیا ہے، کورونا وائرس ملک کے تقریباً تمام اداروں کو ہی معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن تعلیمی اداروں کے مالکان کو دہرے معاشی مسائل سے گزرنا پڑا ایک سروے کے مطابق 70% فیصد نجی تعلیمی ادارے ملکی تعلیمی ضرورت کو پورا کر رہے ہیں جبکہ یہ ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے۔ 75% تعلیمی ادارے کرائے کی بلڈنگ میں تعلیم دے رہے ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے بلڈنگ کا کرایہ اور اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی نجی تعلیمی اداروں کیلیے بہت بڑا معاشی بحران ہے ایسے موقع پر حکومت کو چاہئے کہ وہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کیلیے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے علاوہ ازیں جن سکولوں میں والدین فیسیں ادا نہیں کر پارہے حکومت ایک فنڈ قائم کر ے جس سے ان تعلیمی اداروں کو ایسے بچوں کی فیسیں ادا کی جائیں جن کے والدین فیسیں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
